ریاض ، 25جنوری (آئی این ایس انڈیا)سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اتوار کو متعدد نئے فرامین جاری کیے ہیں۔ ان میں ایک فرمان کے تحت ہاؤسنگ کی وزارت کو بلدیاتی اور دیہی امور کی وزارت میں ضم کردیا گیا ہے۔
اس شاہی فرمان کے مطابق اب اس نئی وزارت کا نام ’’وزارت بلدیات، دیہی امور اور مکانات‘‘ ہو گا۔ شاہ سلمان نے ماجد بن عبداللہ الحقيل کو اس وزارت کا قلم دان سونپا ہے۔
ایک اور شاہی فرمان کے ذریعے ڈاکٹراحمد عبدالکریم الخلیفی کو سعودی عرب کے مرکزی بنک کے گورنر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ ڈاکٹر فہد بن عبداللہ بن عبداللطیف المبارک کو نیا گورنرمقرر کیا ہے۔ان کا عہدہ وزیر کے برابر ہوگا۔
ہاؤسنگ کی وزارت سے متعلق شاہی فرمان کے تحت سعودی وزارتی کونسل میں شامل ماہرین کی کونسل قائم کی جائے گی۔ وہ اس شاہی حکم پرعمل درآمد کے لیے ضروری قانونی طریق کار کو تین ماہ کے اندرمکمل کرے گی۔یہ کونسل اس وزارت کے افعال، آلات، ملازمین، ملازمتوں، جائیدادوں، آئٹمز، کریڈیٹس اور دوسرے امور کا تعیّن کرے گی۔اس کے علاوہ کونسل نئے شاہی فرمان کے سے متاثر ہونے والے قوانین، قواعد وضوابط ، احکامات ،دیگر شاہی فرامین اورفیصلوں کا جائزہ لے گی۔
شاہ سلمان نے ایک اور فرمان کے ذریعے بنک دولت کے سبکدوش گورنر ڈاکٹراحمد عبدالکریم الخلیفی کو شاہی دیوان کا مشیر مقرر کیا ہے۔ان کا عہدہ وزیر کے برابر ہوگا۔